حق دو تحریک کا مند میں جرگہ، آزادانہ سرحدی کاروبار اور مزید کراسنگ پوائنٹ کھولنے کا مطالبہ
مند(قدرت روزنامہ)حق دو تحریک بلوچستان (کیچ) کا مند میں جرگہ، بارڈر اور دیگر ایشوز پر مقررین کا خطاب، مند کے عوام کا جرگے کے انعقاد پر تشکر کا اظہار،حق دو تحریک بلوچستان کیچ کے ذمہ داران و جہدکاروں نے ضلعی چیئرمین حاجی ناصر پلیزئی اور مولانا نصیر احمد بلوچ کی قیادت میں مند میں ایک شاندار عوامی جرگے کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے صادق فتح، عیسیٰ غمی، نور الہی، مند کے معروف شخصیات حاجی حنیف، بابو بہادر، نذر جمال، زاہد حیدر اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مکران بھر میں آزادانہ سرحدی کاروبار ، مزید کراسنگ پوائنٹ کھولنے اور ٹوکن و بھتہ مافیا کا خاتمہ بہت ضروری ہے،حق دو تحریک ہمیشہ ان مطالبات کے لئے جدوجہد کرتی رہی اور کرتی رہے گی ، مقررین نے کہا کہ سرکار کبھی بھی عوامی مطالبات پر آسانی سے عمل نہیں کرتا اور ان مطالبات پر عملدرآمد کے لئے عوامی جدوجہد ضروری ہے اس لئے مکران بھر کے عوام ان جائز مطالبات پر عملدرآمد کے لئے حق دو تحریک کے پلیٹ فارم پر یکجاہ ہوکر جدوجہد کریں تاکہ یہاں کے لوگوں کو با عزت روزگار مل سکے، جرگے میں شریک مند کے عوام نے حق دو تحریک کے ذمہ داران کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم معاملے پر عوامی جرگے کا انعقاد کیا اور شرکاءنے حق دو تحریک پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس جدوجہد میں بھرپور شرکت کرنے کا اعادہ کیا۔