پنجگور(قدرت روزنامہ)آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی پرمشتمل سیاسی جماعتوں، تاجر برادری، دیگر اسٹیک ہولڈر کے وفد کی آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین علاوالدین ایڈووکیٹ، وائس چیئرمین آغا شاہ حسین بلوچ اور سابق چیئرمین حافظ محمد اعظم بلوچ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی بلوچ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید فاضل شاہ بخاری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی . ملاقات میں نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر حاجی ایوب بلوچ، محمد صدیق بلوچ، جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما حاجی عبدالعزیز بلوچ، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر صغیر احمد بلوچ، میر کفایت اللہ بلوچ، جماعت اسلامی کے حافظ صفی اللہ بلوچ، حق دو تحریک کے ملا فرہاد بلوچ، انجمن تاجران کے صدر فرید بلوچ، لعل دوست بلوچ، پیرا میڈیکل کے صدر جاوید کچکول بلوچ، ظہور احمد بلوچ و دیگر رہنما موجود تھے .
ملاقات میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین علاوالدین ایڈووکیٹ نے ڈپٹی کمشنر کو پنجگور کے امن وامان قتل و غارتگری، چوری ڈکیتی، سی پیک روڈ پر پرائیویٹ مسلح افراد کی بھتہ گیری، ٹیچنگ اسپتال کی صورتحال، ڈاکٹروں کی عدم موجودگی، ادویات کی قلت، پنجگور میں مہنگائی اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی عدم توجہ، قانون کی عملداری، بارڈر پر گاڑی والوں سے بھتہ وصولی اور خصوصاً پنجگور میں منشیات کے اڈوں کی بھر مار اور فروخت کے متعلق یاداشت پیش کی اور پنجگور کے جملہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، تمام پارٹی نمائندوں نے پنجگور کے مسائل کے بارے میں تفصیلی گفتگو اور تجاویز پیش کیں . آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر سے فوری اور جلد نوٹس لیکر مندرجہ مسائل پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے کہا کہ پنجگور میں امن وامان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے، قتل و غارتگری، چوری ڈکیتی روز کا معمول بن گیا ہے، ٹیچنگ اسپتال زبوں حالی کا شکار، مریضوں کو علاج اور سہولت فراہم کرنے کیلئے کوئی ڈاکٹرز موجود نہیں رہتا جبکہ اسپتال کی ایمرجنسی خستہ حالی کا شکار ہے، لیکن کوئی ذمہ داری لینے کیلئے تیار نہیں، ضلع میں منشیات کے اڈوں کی بھرمار اور فروخت کھلے عام جاری ہے، انتظامیہ کی کمزوری اور غفلت کے باعث سی پیک روڈ، پرائیویٹ مسلح افراد کے قبضے میں ہے، بارڈر میں غریب گاڑی والوں سے بھتہ گیری عروج پر ہے، پنجگور انتظامیہ قانون کی ریٹ بحال کرنے میں مکمل ناکام ہے، آل پارٹیز مطالبہ کرتا ہے کہ پنجگور انتظامیہ حرکت میں آکر پنجگور کے امن کو بحال اور شہری کو تحفظ فراہم کریں، بصورت دیگر پنجگور کے عوام احتجاج پر مجبور ہوگی، ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی بلوچ نے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی پنجگور کو یقین دلایا کہ پنجگور انتظامیہ اور پولیس اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہے، پنجگور کے امن وامان کی بحالی کیلئے جو وسائل درکار ہوں گے بروئے کار لایا جائے گا ، ضلع کے امن کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے، پولیس اور لیویز کے مشترکہ گشت کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور منشیات کے اڈوں کا خاتمہ اور فروخت کیخلاف عوام کے تعاون سے جلد ایکشن لیا جائے گا، پنجگور انتظامیہ ایک دو دن میں تمام مسائل پر ایکشن لیکر ایک بہترین نتائج عوام کے سامنے لے آئیگی . انہوں نے کہا کہ پنجگور کی بہتری اور ایک پرامن ماحول کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، قانون ہر صورت میں حرکت میں آئے گی، کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے .
. .