جرمن حکومت افغان شرپسندوں کیخلاف کارروائی کرے، صادق عمرانی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی کونسل خانہ پر افغان شر پسندوں کے حملے اور پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مزمت کی ہے، اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور یہاں کے عوام افغان مہاجرین کی 40 سالوں سے میزبانی کرتی رہی ہے جس کے صلے میں ہمارا پورا ملک دہشتگردی کا شکار ہوا، ہمارے ہزاروں فوجی اور عوام اس دہشت گردی کی وجہ سے شہید ہوئے لیکن اس کے باوجود افغان شر پسند عناصر اپنی منفی سوچ اور تنگ نظری کے باعث اس طرح کے بزدلانہ کارروائیوں سے برادر اسلامی ممالک کے درمیان نفرت کا جو بیج بو رہے ہیں وہ دونوں طرف کے عوام کیلئے نیک شگون نہیں، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ افغان شہری اپنے ان حرکتوں سے بعض رہیں پاکستانی قوم اپنے ملک اور اپنے پرچم کی سربلندی خوب جانتی ہے اور اس کی حفاظت کیلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، صوبائی وزیر نے کہا کہ سفارتی تنصیبات کے سیکورٹی کی ذمہ داری جرمن حکومت کی ہے انہوں نے پاکستان میں موجود جرمن سفارت خانے کی توسط سے جرمن حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ویانا کنونشن کے تحت واقع میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔