دبئی میں گرفتاری کا معاملہ، راحت فتح علی خان نے تازہ ویڈیو میں کیا کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ممتاز پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے دبئی میں اپنی گرفتاری کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں۔
اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہاکہ میں یہاں ریکارڈنگ کے لیے آیا ہوں، لوگ افواہوں پر کان نہ دھریں۔
اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ گلوکار راحت فتح علی خان کو دبئی ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ راحت فتح علی کی گرفتاری دبئی پولیس کی جانب سے کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی کہ راحت فتح علی خان کا سابق مینیجر سلمان احمد سے تنازع چل رہا تھا، جس پر انہوں نے دبئی حکام کو درخواستیں دی تھیں۔
گلوکار اپنے کنسرٹس کے سلسلے میں دبئی پہنچے تھے جہاں پولیس نے ان کو گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ راحت فتح علی نے چند ماہ قبل اپنے مینیجر سلمان احمد کو برطرف کردیا تھا۔
سابق مینیجر کے ساتھ تنازع کے باعث دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کروا رکھے ہیں۔