سجل علی اپنی دوسری بالی ووڈ فلم میں کس سپر اسٹار کے ساتھ نظر آئیں گی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی کی بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں واپسی کی خبریں گرم ہیں اور کہا جارہا ہے کہ وہ انڈین اداکار پرابھاس کے ساتھ ایک رومینٹک فلم میں جلوہ گر ہوسکتی ہیں۔
سجل علی نے اب تک صرف ایک انڈین فلم میں کام کیا ہے۔ وہ 2017ء میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’مام‘ (ماں) میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ اس فلم میں وہ آنجہانی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی بیٹی کا کردار ادا کرچکی ہیں۔ اس فلم میں معروف اداکار نوازالدین صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
پرابھاس انڈین سینیما خصوصاً تیلگو فلموں کا ایک بڑا نام ہیں۔ وہ ’باہو بلی‘، ’باہو بلی 2‘، سالار اور کالکی 2898 جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ پرابھاس کو بھارت میں فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سجل علی کی اپنی دوسری بالی ووڈ فلم کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اور توقع کی جاررہی ہے کہ معاملات جلد طے پا جائیں گے۔
سجل علی کی نئی فلم کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ رومانوی ڈرامہ فلم ہوگی جس کے ڈائریکٹر ہنو راگھوا پوڑی ہوں گے، یہ فلم شائقین کو سینیما کی دنیا کا ایک نیا تجربہ فراہم کرے گی۔
گزشتہ برس سجل علی برطانوی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ میں نظر آئی تھیں جس میں نامور اداکار شامل تھے۔
انہوں نے 2009ء میں ڈراموں میں اداکاری شروع کی، ان کی پہلی فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ 2016ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ بہترین اداکاری پر وہ متعدد ایوارڈز حاصل کرچکی ہیں۔