پیپلز پارٹی نے بھی مخصوص نشستوں کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پیپلز پارٹی نے بھی مخصوص نشستوں کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔پیپلز پارٹی کی طرف سے فاروق ایچ نائیک نے 12 جولائی کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی دائر کردی جس میں مخصوص نشتوں کا 12 جولائی کا فیصلہ واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے تحریکِ انصاف کو پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں بطور جماعت قرار دے دیا۔
مسلم لیگ ن پہلے ہی اس فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کر چکی ہے۔ تاہم سپریم کورٹ کی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے نظر ثانی درخواست کو ستمبر کی تعطیلات کے بعد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف جسٹس نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا اور رائے دی کہ گرمیوں کی چھٹیاں منسوخ کرکے نظرثانی سننی چاہیے۔ ججز کے آرام کو آسانی نہیں بلکہ آئین کو ترجیح دینی چاہیے، اگر فوری طور پر نظر ثانی درخواست کو سماعت کیلیے مقرر نہ کیا گیا تو یہ ناانصافی ہوگی۔