موجودہ حکومت بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھ کر صوبے میں معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہے،رانا مشہود


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھ کر ملک کے سب سے بڑے صوبے میں معاشی استحکام کے لئے پرعزم ہے،وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان پاکستان کا ترقی یافتہ صوبہ ہوگا، اتحاد و اتفاق سے بلوچستان کو دنیا کیلئے رول ماڈل بنائیں گے، پی پی اے ایف کی بلوچستان میں غربت میں کمی اور معاشی سرگرمیاں کے لئے ٹھوس اقدامات قابل تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پروگرام برائے پائیدار دیہی ترقی و خوشحالی کے تحت میچنگ گرانٹس کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ، قومی ورثہ و کلچر ڈویڑن کے ایڈوائزر کاشف ارشاد، ترقی فائونڈیشن کے امجد رشید، رکن صوبائی اسمبلی روی پہیوجہ، پروگرام منیجر مدیحہ اسلم، گراسپ پروگرام کے جہانزیب خان، بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر الرشید سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ، قبلہ ایاز، زمیندار ایکشن کمیٹی کے کاظم خان اچکزئی، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سید عبدالاحد آغا، عبدالمتین اخند زادہ، یو این ڈی پی کے صوبائی سربراہ ذوالفقار درانی و دیگر بھی موجود تھے۔