126 ممالک کے شہریوں کے لیے پاکستان کے ڈیجیٹل ویزا کی منظوری
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی کابینہ نے 126 ممالک کے شہریوں کے لیے ڈیجیٹل ویزا کی منظوری دے دی۔وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
کابینہ نے 126 ممالک کے لیے ڈیجیٹل ویزا دینے کی منظوری دے دی۔ 126 ممالک کے بزنس اور ٹورسٹ کیلئے پاکستان میں مفت ویزا انٹری ہوگی۔ وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے وزارت داخلہ کی سمری منظور کر لی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیداکرنے کے لئے پوری طرح کوشاں ہے اس حوالے سے وزارت داخلہ اور متعلقہ وزارتوں اور حکام نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ویزہ رجیم میں بڑی تبدیلی کی ہے،اس پر سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔اس کے تحت 126 ممالک کے تاجروں،ٹریولرز اور سیاحوں سے ویزہ فیس نہیں لی جائے گی۔اس سے بیرونی سرمایہ کاری بڑھے گی، ویزہ پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان باہر سے آنے والوں کے لئے پرکشش مقام بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے اوروہ اس میں شامل سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ الیکٹرانک فارم کے ذریعے 24 گھنٹے میں ویزہ مل جائے گا۔