آئی پی پیز قومی سلامتی کیلیے خطرہ ہیں؛ ایم کیو ایم کی سندھ اسمبلی میں قرارداد


کراچی(قدرت روزنامہ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نےآئی پی پیز کےخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی، جس میں آئی پی پیز کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی اور رکن اسمبلی نجم مرزا کی جانب سے قرارداد جمع کرائی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کپیسٹی چارجز کی مد میں ادائیگیاں ہوتی رہیں تو یہ پاکستان کی بقا کا مسئلہ بن جائے گا۔
قرارداد کے مطابق صنعتی و گھریلو بجلی صارفین کےلیےفی یونٹ قیمت ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ آئی پی پیز کے ساتھ ماضی میں ہونے والے غلط معاہدوں کی وجہ سے شہریوں کے لیے بجلی کے ناجائز بھاری بل بھرنا ناممکن ہوگیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے کیوں کہ معاہدوں پر مزید عمل درآمد ملک میں جاری ہوشربا مہنگائی کو بڑھائے گا جو عوام اور پاکستان کسی کے حق میں بہتر نہیں ہے۔