اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، انتظامیہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے سیاسی جماعتوں کو احتجاج سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جماعت اسلامی کی جانب سے 26 جولائی کو احتجاجی جلسے کے اعلان کے معاملے پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی بھی قسم کے جلسے جلوس یا احتجاج کی اجازت نہیں ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی اور قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔
شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے بیان میں کہا ہے کہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے، شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے اجتناب کریں۔