ہرنائی میں ٹرکوں کو نذر آتش کرنا بلوچستان کے وسائل پر قبضے کی سازش ہے، پشتونخوا میپ، پی ٹی آئی


ہرنائی(قدرت روزنامہ)ہرنائی طورخان روڈ پر گاڑیوں پر فائرنگ کرنے، جلانے اور ڈرائیوروں کو شدید ز خمی کرنے والے دہشت گردوں کےخلاف کارروائی کرکے انھیں جلد ازجلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہچایا جائے۔واقعہ میں زخمی ڈرائیوروں اور جلائے گئے ٹرک مالکان کو بلاتاخیر معاوضہ دیاجائے اور آئے روز ایسے واقعات کا رونما ہونا یا تو انتظامیہ نااہل ہے یا شریک جرم۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی اور تحریک انصاف ضلع ہرنائی کے زیر اہتمام شارگ بازار میں ہرنائی طور خان روڈ پر گزشتہ شب د ہشت گردوں کی جانب سے لوڈ گاڑیوں پر فائرنگ ڈرائیوروں کو شدید زخمی کرنے اور گاڑیوں کو جلانے کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔احتجاجی مظاہرہ پشتونخوامیپ کے قائم مقام ضلعی سیکرٹری عنایت خان کے زیر صدارت منعقد ہوا ۔مظاہرے سے پشتونخوامیپ کے قائمقام ضلعی سیکرٹری عنایت خان، تحریک انصاف کے تحصیل صدر فاروق شاہ، پشتونخوامیپ کے ضلع کمیٹی ممبر ملک امو جان آکا، علاقائی معاون فتح محمد تارنڑ اور تحریک انصاف کے فقیر داد نے خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ ضلع ہرنائی کے امن وو امان کو ایک سوچھے سمجھے منصوبے کے تحت گزشتہ کئی سالوں سے خراب کرنے کی کوششیں جاری ہیں جن کا اصل مقصد یہاں کے قدرتی خائر کوئلہ، گیس ،تیل ،ماربل، جپسم ،زیتون اورودیگر وسائل پر قبضہ کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ضلع ہرنائی کے عوام کا اور کوئی گناہ نہیں ان کا گناہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے انھیں عطا کردہ بیش بہا قدرتی نعمتیں ہیں جن پر قبضہ کرنے کے لیے ضلع بھر کے عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ جاری ہے ۔عوام پر روزگار کے دروازے بند کیے جارہے ہیں ،آئے روز ٹرکوں ،ہالجوں کو جلانے مائینز مزدوروں کو اغوا و شہید کرنے ،بھاری تاوان طلب کرنے ،چوری ، ڈکیتی ،ٹرانسفارمروںکے شمسی شیشوں کی چوریاں، گھروں میں سر شام ڈاکے ڈالنا، گھروں سے موٹروں اور موٹر سائیکلوں کو چوری کرنا، سرعام منشیات فروشی جسے ضلع بھر کے کلیوں تک میں فروخت کیا جارہا ہے ۔ہرنائی جیسے پرامن ضلع میں ایسے حالات سول انتظامیہ پولیس لیویز اور ہر دو کلو میٹر پر ایف سی کے بڑے بڑے ناکوں اور ان میں ہزاروں کی تعداد میں امن و امان کے نام پر تعینات اہلکاران کی موجودگی میں یہ سب کچھ جاری ہے۔ مقررین نے کہا کہ امن و امان کے نام پر ضلع ہرنائی میں تعینات ایف سی جوکہ صوبائی حکومت سے فنڈ لینے کے علاوہ کوئلے کے فی ٹن پر سینکڑوں روپے بھتہ بھی عوام کو امن وامان دینے کے لیے وصول کررہی ہے اس کے باوجود ضلع میں درجنوں بے گناہ عوام کی شہادتیں مختلف واقعات میں گاڑیوں اور ہالجوں کو جلانے ڈکتیوں اور اغوا برائے تاوان میں معصوم عوام کی جانی نقصانات کے علاوہ اربوں روپے کے نقصانات سہہ چکے ہیں لیکن تاحال نہ کسی دہشت گرد کو پکڑا اور نہ ہی بے نقاب کیا گیا ہے ۔ اس تماتر صورتحال میں اب عوام کو یہ سمجھنے میں کوئی مشکل نہیں کہ ہمیں اپنے علاقے اور وسائل سے بے دخل کرنے کے لیے دہشت گرد اور انتظامیہ دونوں ایک ہی پیج پے ہیں ۔اگر نہیں تو یہ کیسے ممکن ہے کہ ایف سی اور دہشت گرد دونوں کا بھتہ جناح روڈ کے ایک ہی بنک میں جمع ہو رہا ہے۔مقررین نے کہا کہ اپنے عوام وطن اور وسائل کی دفاع کے لیے ہر قسم قربانی کے لیے تیار ہیں اور کسی کو بھی ہمارے قدرتی وسائل پر قبضے کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے۔