گوادر بار ایسوسی ایشن کا بلوچ یکجہتی کمیٹی کے تحت راجی مچی کی حمایت کا اعلان


گوادر(قدرت روزنامہ)گوادر بار ایسوسی ایشن کے صدر، صدیق زامرانی ایڈروکیٹ نے 28 جولائی کو بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی جانب سے منعقد ہونے والی بلوچ راجی مچی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ صدیق زامرانی ایڈوکیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملکی قوانین اور آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج، جلسہ اور مظاہرے کا حق دیتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ BYC کے احتجاج کو روکنا اور ان کے کارکنان کو ڈرانا دھمکانا ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بار ایسوسی ایشن، بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی اور بلوچ قومی شناخت کے لیے BYC کے جلسے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ زامرانی نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس حق کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ گوادر بار ایسوسی ایشن کے صدر نے حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ BYC کے کارکنان کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں اور ان کے پرامن احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالیں۔