بلوچستان

کوئٹہ میں رہنماﺅں کی پریس کانفرنس، پیپلز پارٹی کے 20 عہدیداروں کی رکنیت ختم


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی اور صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا خلاف ورزی کرنے پر صوبائی پریس سیکرٹری سردار سربلند جوگیزئی لورالائی اور ژوب ڈویژن سمیت 20 عہدیداروں کو پارٹی رکنیت اور عہدوں سے فارغ کرکے نئے عہدیداروں کو منتخب کیا ہے جو پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے میں پارٹی قیادت کا ساتھ دیں گے اور وزیرا علیٰ بلوچستان کے ساتھ ملکر مسائل کے حل کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری نے کہاکہ ہماری جدوجہد کی وجہ سے آج پارٹی کی صوبے میں حکومت قائم ہے پارٹی کے کچھ لوگوں نے پارٹی کو بدنام کرنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی سمیت دیگر عہدیداروں کے عہدے اور رکنیت معطل کرتے ہیں ضلع پشین سے بھی کئی عہدیداروں کے عہدے ختم کئے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ مستونگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری جبکہ قلات کے ضلعی جنرل سیکرٹری نے جمعیت کا ساتھ دیا جس پر انہیں معطل کیا اور بلوچستان کے دیگر علاقوں سے بھی کارکنوں کو پارٹی کے عہدوں سے فارغ کیا ہے ۔ شریک چیئرمین صدر مملکت آصف زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے بلوچستان میں یوم تاسیس کروایا ہماری بھر پور کوشش ہوگی کہ ہماری حکومت اپنی مدت پوری کرے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے تعلیم اور صحت پر خاص توجہ دی جائے اس لئے ہم وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی سے مل کر تمام مسائل کو حل کرینگے ہم نے محنت سے حکومت کو چلانا ہے اور ہر کارکن کو ساتھ لیکر چلنا ہے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری اور سیاسی جماعت ہے جس نے جمہوری عمل کو جاری رکھنے کیلئے ہمیشہ جمہوری اور سیاسی اصولوں کی پاسداری کی ہے جبکہ 8فروری کے انتخابات میں پارٹی کے صوبائی ڈویژن اور ضلعی عہدیداروں نے پارٹی فیصلوں کی مخالفت کرتے ہوئے مخالف امیدوار کی نہ صرف حمایت کی بلکہ ان کی انتخابی مہم بھی چلائی جس طرح صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جو گیزئی برملا اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ مسلم لیگ(ن)سے تعلق رکھنے والے حاجی طوراتمان خیل کو میں نے کامیاب کرایا اسی طرح دیگر عہدیدار وں نے بھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی پارٹی ڈسپلن کے خلاف ہم مزید خاموش نہیں رہ سکتے اور آج پارٹی کی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پارٹی کی فعالیت اور مضبوطی پر تبادلہ خیال کیاگیا اور کارکنوں کی محنت لگن سے دس سال بعد بلوچستان میں پارٹی حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی ہے اس لئے ہم نے ایک پیج پر متحد ہوکر وزیرا علیٰ کے ساتھ ملکر مسائل کے حل کو یقینی بنانا ہے اور بہت جلد وفد کی صورت میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے حقائق ان کے سامنے رکھیں گے تاکہ پارٹی کارکنوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی سے بغاوت اور خلاف کام کرنے پر سابق صوبائی پریس سیکرٹری سربلند جو گیزئی لورالائی ڈویژن کے صدر رحمت اللہ کدیزئی، جنرل سیکرٹری غفور جعفر ژوب ڈویژن کے صدر ظفر اللہ ضلعی صدر رزاق شیرانی سمیت20عہدیداروں و کارکنوں کے نہ صرف عہدے ختم کردئیے بلکہ پارٹی رکنیت بھی ختم کرکے رپورٹ جلد پارٹی مرکز کو بھیجی جائے گی انہوں نے کہاکہ جن عہدیداروں کو فارغ کیاگیاہے ان کے متبادل پرانے جیالوں کومنتخب کیا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی میں پرانے اور نئے جیالوں کا کوئی فرق ہے اور نہ ہی اس سلسلے میں ہم اس پر یقین رکھتے ہیں جو بھی پارٹی کیلئے مخلص ہو اس کو آگے لائیں گے تاکہ ٹیم ورک کے ساتھ پارٹی پالیسی اور منشور پر عمل پیرا ہوکر مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں