غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں کی سیکورٹی کیلئے لیویز میں بھرتیاں کرلی گئی ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر مارک بریسٹو نے کوئٹہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں کانکنی اور صوبے میں جاری معاونتی منصوبوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سی ای او اور صدر بیرک گولڈ کارپوریشن مسٹر مارک بریسٹو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے کوشاں ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو موثر سیکورٹی و تحفظ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے عالمی و قومی منصوبوں سے بلوچستان اور پاکستان کا روشن مستقبل وابستہ ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں کے لئے سیکورٹی کا جامع پلان تشکیل دے دیا ہے جس کے لئے لیویز فورس میں بھرتی کرلی گئی ہے انہوں نے کہا کہ بیرک گولڈ کارپوریشن کے فلاحی کاموں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،موثر کمیونیکیشن اسٹریٹیجی تشکیل دےکر فلاح عامہ کے منصوبوں کو اجاگر کیا جانا چاہیے۔ فلاحی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر و سی ای او نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور بیرک گولڈ اشتراکی کاوشوں کے تحت عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھے گی۔