پیرس اولمپکس کی رنگارنگ افتتاحی تقریب، 205 ممالک کے دستوں کی دریائے سین میں کشتیوں پر آمد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیرس کے مشہور دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب سے اولمپکس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، 205 ممالک کے دستوں کی کشتیوں کے ذریعے دریائے سین میں آمد ہوئی، پیرس اولمپکس کی مشعل بھی روشن کردی گئی۔
دنیائے کھیل کے سب سے بڑے میلے پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں خوبصورت مناظر اور دل کو چھو لینے والی موسیقی کی جھنکار کے ساتھ مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا اور فلم ٹائی ٹینک کا ٹائٹل سانگ گانے والی گلوکارہ سیلین ڈیان نے آواز کا جادو جگایا، افتتاحی تقریب میں 3 ہزار کے لگ بھگ فنکار پرفارم کر رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب کے دوران روایتی انداز میں مختلف ملکوں کے دستوں کی آمد ہوئی، ایک کشتی پر دیگر چار ملکوں کے دستوں کے ہمراہ پاکستانی دستے کی آمد ہوئی، پاکستانی دستہ نیوزی لینڈ، عمان، یوگنڈا اور ازبکستان کے ساتھ آیا۔
پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں دستے کی آمد کے موقع پر پاکستان کیلئے میڈل کی سب سے بڑی اُمید جیولین تھروور ارشد ندیم نے پاکستانی پرچم تھاماہوا تھا، اُن کے ساتھ ایتھیلٹ فائقہ ریاض، سوئمرز جہاں آرا نبی، احمد درانی اور آفیشلز موجود تھے۔
پاکستانی شوٹر ز کشمالہ طلعت، گلفام جوزف اور جی ایم بشیر ایونٹ کے مقام سے تقریباً ساڑھے 3 گھنٹے کی مسافت پر ہونے کی وجہ سے افتتاحی تقریب میں شریک نہ ہوسکے.
پیرس اولمپکس میں پاکستانی شوٹرز کا امتحان آج سے شروع ہوگا، دن 1 بجکر 30 منٹ پر گلفام جوزف 10 میٹر ائیر پسٹل جبکہ سہ پہر 3 بجکر 30 منٹ پر کشمالہ طلعت ویمن 10 میٹر ائیر پسٹل میں ایکشن میں ہوں گی۔
دوسری جانب پیرس اولمپکس میں شریک پاکستانی دستے کے اعزاز میں پاکستانی سفارت خانے میں تقریب منعقد کی گئی جہاں وفاقی وزیر آئی پی سی رانا ثنا اللہ بھی مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
تقریب میں پاکستانی ایتھلیٹس ارشد ندیم، فائقہ ریاض، احمد درانی اور جہاں آرا نبی نے شرکت کی۔