(ن) لیگ سے اتحاد شوق یا محبت کا نہیں، مجبوری کا ہے: گورنر پنجاب
لاہور(قدرت روزنامہ)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر نے (ن) لیگ سے اتحاد کو مجبوری قرار دیدیا۔
گورنر ہاؤس پنجاب میں صدرمملکت آصف زرداری کی سالگرہ تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر گورنر پنجاب، ثمینہ خالد گھرکی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا جب کہ اختتام پر صدر زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب سے خطاب میں گورنرپنجاب سلیم حیدر نے کہا کہ محترمہ کی شہادت کے بعد آصف زرداری نے باپ کی طرح پارٹی کے سر پر ہاتھ رکھا، پاکستان میں ہمیشہ دھاندلی کا شور مچایا جاتا ہے، آصف زرداری نے اس کا حل دیا تھا مگر اس پر عمل نہیں ہوا، ہمارے مسائل کا حل پاک ایران گیس پائپ لائن ہے۔
مسلم لیگ (ن) سے اتحاد سے متعلق سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ سے اتحاد شوق یا محبت کا نہیں، مجبوری کاہے، (ن) لیگ کے ساتھ نہ بیٹھتے تو ملک شاید اس حالت میں بھی نہ ہوتا۔
دوسری جانب تقریب سے خطاب میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے، ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے، پنجاب اسمبلی میں کم تعداد ہونے کے باوجود ہم آصف زرداری کی دانش سے گورنر ہاؤس میں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کا پینڈ ولم گھومتا رہتا ہے، لیڈر پارٹی کیلئے جگہ بنا لیتا ہے، پیپلز پارٹی حکومت کو سہارا نہ دے تو ہلچل مچ جائے گی، ایک پارٹی نے نوجوان نسل میں نفرت بھردی ہے۔