عثمان بزدار کی جگہ پنجاب کا وزیراعلیٰ کسے ہونا چاہیے تھا، پی ٹی آئی کے سابق اسپیکر نے اپنی رائے بتادی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایک ایسے وقت میں جب کہ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سمیت متعدد رہنما جیل میں ہیں اور بچ رہنے والے رہنما آئینی جدوجہد میں مصروف ہیں، عمران خان کے وسیم اکرم پلس عثمان بزدار منظر سے یکسر غائب ہیں۔
ایسے میں عثمان بزدار کی کارکردگی کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے موزوں ترین ہوتے۔
سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے ایک نجی ٹیلی وژن پر عثمان بزدار کی کارکردگی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ یی ٹی آئی دور میں شاہ محمود قریشی وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے موزوں ترین تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس عہدے کے لیے دوسرے نمبر پر فواد چوہدری بہتر تھے۔
واضح رہے کہ عثمان بزدار کی وزرات اعلیٰ کا سارا دور روز اول ہی سے تنقید کی زد میں رہا، اور کئی بار ایسا محسوس ہوا کہ شاید عثمان بزدار کی جگہ کوئی اور لے لے گا۔ اس حوالے سے عسکری قیادت کا نام بھی آتا رہا کہ وہ بھی عثمان بزدار کی پنجاب میں کارکردگی سے یکسر ناخوش ہے، تاہم اس معاملے میں بانی چیئرمین نے کسی کی رائے کو کوئی اہمیت دیے بغیر عثمان بزدار کی حمایت جاری رکھی تھی۔
اب جب کہ عثمان بزدار پی ٹی آئی کے دور ابتلا میں کہیں دور دور تک نظر نہیں آرہے، پی ٹی آئی قیادت کو پنجاب کے حوالے سے اپنے غلط فیصلے پر افسوس ہے، اور وہ برملا کہنے پر مجبور ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لیے شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری موزوں ترین تھے۔