ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے رومانوی اداکار عمران ہاشمی نے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم پر بھارتی گلوکار کرشنا کمار کناتھ المعروف ‘کے کے’ کو ترجیح دے دی . حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران، عمران ہاشمی نے اپنے کیریئر سمیت اپنی فلموں کی موسیقی کے بارے میں گفتگو کی .
شو کے میزبان نے عمران ہاشمی سے پوچھا کہ اگر آپ کو عاطف اسلم اور کے کے (کرشنا کمار کناتھ) میں سے کسی ایک گلوکار کا انتخاب کرنا پڑے تو وہ کون ہوگا؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران ہاشمی نے کہا کہ ان دونوں گلوکاروں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا بہت مشکل ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ میرا انتخاب گلوکار ‘کے کے’ ہوں گے کیونکہ وہ مجھے زیادہ پسند ہیں .
عمران ہاشمی نے کہا کہ گلوکار ‘کے کے’ نے میری بہت ساری فلموں کے لیے موسیقی کی ہے، اُن کی آواز میں ایک خاص جادو تھا جو آج تک مداح محسوس کرتے ہیں .
اداکار نے کہا کہ میں ‘کے کے’ کا بہت بڑا مداح ہوں اور اُن کی آواز میری فلموں کے لیے پرفکیٹ تھی، اسی وجہ سے وہ میرا انتخاب ہوں گے . اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی گلوکار مصطفیٰ زاہد کی آواز کو بھی مداحوں نے بےحد پسند کیا، اُنہوں نے میری فلم ‘آوارہ پن’ کے لیے گلوکاری کی تھی جو آج بھی مقبول ہے .
واضح رہے کہ گلوکار کرشنا کمار کناتھ 22 اگست 1968 کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے اور سال 2022 میں 53 برس کی عمر میں لائیو پرفارمنس کے دوران دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دار فانی سے کوچ کرگئے تھے .