مصطفی کمال کیخلاف نیب ریفرنس بحالی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ


کراچی(قدرت روزنامہ) ایم کیو ایم کے رہنما سید مصطفی کمال و دیگر کیخلاف کلفٹن میں سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ ریفرنس بحالی سے متعلق نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو سابق ناظم کراچی و ایم کیو ایم کے رہنما سید مصطفی کمال و دیگر کیخلاف کلفٹن میں سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ ریفرنس بحالی سے متعلق نیب کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
ایم کیو ایم رہنما سید مصطفی کمال اور دیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے۔ سید مصطفی کمال کے وکیل حسان صابر ایڈوکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ سید مصطفی کمال پر کسی قسم کا مالی فائدہ حاصل کرنے کا الزام نہیں ہے۔
عدالت نے پراسیکیوٹر سے مکالمے میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق یہ ریفرنس بنتا ہی نہیں ہے۔ قانون کے مطابق کسی بھی منتخب فرد پر مالی فاٸدہ حاصل کرنے کا الزام لازمی ہے۔ اس ریفرنس میں مانیٹری گین کہاں ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اپنی نااہلی کو نظر انداز نہیں کرسکتے، ہوا میں تیر نہ چلاٸیں۔ نیب حکام پک اینڈ چوز کو چھوڑ کر قانون کے مطابق چلے۔ آپ لوگوں نے ڈاکٹر عاصم، شاہد خاقان عباسی اور اس ریفرنس میں الگ الگ پالیسی اپنائی ہے۔عدالت نے نیب کی ریفرنس بحال کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ 26 اگست کو ہوگا۔