گوادر اجتماع میں جانیوالے قافلوں کو روکنے کیلئے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا، حاجی لشکری


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے گوادر اجتماع میں شرکت کیلئے جانے والے قافلوںکو روکنے کیلئے طاقت کے بے دریغ استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طاقت کو جسے بلوچستان کی خوشحالی اور امن کیلئے استعمال ہونا تھا خون ریزی کیلئے استعمال کیا گیا اس سارے عمل سے نفرت کا اظہار کرتا ہوں۔ اپنے جاری مذمتی بیان میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ آٹھ فروری کو جعلی انتخابات کرانے کا مقصد بھی یہی تھا کہ بلوچستان میں غیر معروف اور غیر سیاسی لوگ جو ہمارے سماج سے عملاً لاتعلق ہیںان کو ایک منصوبہ کے تحت صوبے پر مسلط کرکے ان کے ذریعے بلوچستان میں خون ریزی کراکے اس کا الزم بلوچستان کے لوگوں پر لگایا جائے بلوچستان کے لوگ اس پورے کنٹرولڈ جعلی سیاسی عمل کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر بلوچستان کی سیاسی جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کیلئے چھوٹے چھوٹے گروہوں میں تقسیم نہ ہوکر قومی ایجنڈے کا تعین کرتے تو اس خون ریزی کا راستہ روکا جاسکتا تھا مگر اپنے ذاتی اور سیاسی مفاد کیلئے چھوٹے چھوٹے گروہوں میں تقسیم ہوکر خود کو قوم پرست کہنے والے بھی اس بدحالی میں برابر کے شریک ہیں۔