کراچی: اورنگی ٹاؤن کے گھر میں گیس سلینڈر پھٹنے سے نومولود جڑواں بھائیوں سمیت 11 افراد زخمی


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن 10 نمبر پر گھر میں گیس سلینڈر پھٹنے سے خواتین، بچوں اور نومولود جڑواں بھائیون سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق غوثیہ چوک کے قریب ایک منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر گیس سلینڈر پھٹنے سے دھماکہ ہوا جس سے گھر کی دیوار ٹوٹ کر پڑوس میں جاگری، حادثے میں سلینڈر پھٹنے سے جھلس کر اور دیوار گرنے سے زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہو گئی جس میں 25 روز کے 2 جڑواں بھائی حسین اور حسن بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے میں 4 افراد دیوار گرنے سے جبکہ 7افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں، تمام زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
زخمیوں کی شناخت 25 روز کے جڑواں بھائی حسن اور حسین، 39 سالہ فرقان، 33 سالہ رابعہ، 30 سالہ عرفان اور فیضان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 27سالہ انعم، 25سالہ ندا، 20سالہ اقرا، 7 سالہ ابوبکر اور 4 سالہ زارا بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔
دھماکے کے بعد گھر کی حالت مخدوش ہو گئی، پولیس نے گھر کے نچلے حصے میں رہائش پزیر افراد کو احتیاط کے طور پر نکال دیا۔