سپریم کورٹ 41 ایم این ایز پر پی ٹی آئی چھوڑنے کے دباؤ کا نوٹس لے، عمر ایوب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ 41 ایم این ایز کو جماعت چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، سپریم کورٹ اپنے فیصلے کی توہین پر ازخود نوٹس لے۔
عمر ایوب نے پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی کے ساتھ اچھا نہیں ہو رہا ، پتا نہیں چلتا کون لے کر جاتا ہے، ایجنسیز کے نام لے رہا ہوں، ہمارے ایم این ایز کو ایجنسیز نے اٹھایا اور اینٹی کرپشن میں پیش کر دیا جاتا ہے، ہمارے سارے ساتھیوں پر پرچے کاٹ دیے گئے ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت کے لئے ہم نے بیان حلفی دیے تھے اس وجہ سے ہمیں اٹھایا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن کے لوگ سب سے بڑی جماعت اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کرنا چاہ رہے ہیں، اس سب کا واحد حل ہے کہ فی الفور الیکشن ہونے چاہئیں، ہم لوگ کل اپنا اجلاس بلائیں گے، ڈی چوک میں دھرنا دینے کے حوالے سے بھی فیصلہ کریں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ میں سپریم کورٹ سے کہتا ہوں کہ ہمارے 41 ایم این ایز کو جماعت چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، سپریم کورٹ اپنے فیصلے کی توہین پر سو موٹو لے، ہمارے وکلاء سپریم کورٹ سے رجوع کریں، پانچ اگست کو پورے ملک میں بڑے مظاہرے کریں گے کیونکہ بانی پی ٹی آئی کو قید میں ایک سال مکمل ہو جائے گا، اب ملک بھر میں دھرنے بھی دیں گے۔