حب سے بیلہ تک تیسرے روز بھی کوئٹہ کراچی شاہراہ پر رکاوٹیں، ٹریفک معطل، مسافر پریشان


حب(قدرت روزنامہ)حب سے بیلہ تک کوئٹہ کراچی شاہراہ پر رکاوٹوں کا سلسلہ اتوار کو تیسرے دن بھی جاری رہا۔ شاہراہ پر مختلف مقامات پر رکاوٹوں کے سبب شاہراہ پر سفر کرنے والوں کو منٹوں کا سفر کئی گھنٹوں میں طے کرنا پڑا، شدید ٹریفک جام کے سبب متبادل کچے راستے استعمال کرنے والی سیکڑوں گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں جسکے سبب مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب مستونگ واقعہ اور گوادر جلسہ کے قافلوں کو روکنے کیخلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر حب میں بھی شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی گئی، اتوار کو حب شہر میں جزوی شٹر ڈاﺅن ہڑتال ہوئی جبکہ میڈیکل اسٹورز کھلے رہے، شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کا کہنا تھا کہ مختلف مقامات پر سڑک پر ہیوی گاڑیاں کھڑی کر کے اور مٹی کے ڈھیر لگا کر سڑک کو بلاک کیا گیا ہے جسکی وجہ سے شاہراہ پر سفر انتہائی دشوار گزار رہا، مسافروں کے مطابق وقفے وقفے سے گاڑیوں کو آگے جانے کیلئے راستہ بھی ہموار کیا جاتا رہا لیکن گاڑیوں کی طویل قطاریں ہونے کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام رہا، مسافروں کے مطابق کراچی سے اندرون بلوچستان جانب والی بڑی مسافربردار گاڑیوں کو جانے میں مشکلات برقرارہیں اور یہ سلسلہ اتوار کی رات تک جاری تھا۔