گودار میں بی وائے سی کا احتجاج ہرگز مناسب نہیں، امن کیلئے حکومتی کاوشوں کو سراہتے ہیں، قدوس بزنجو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں پائیدار قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ سینٹر میر عبدالقدوس بزنجو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام کے جانی و مالی تحفظ اور ریاستی رٹ کو برقرار رکھنے کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گودار میں بلوچ یکجہتی کونسل کا احتجاج ہرگز مناسب نہیں۔ قومی یکجہتی اور سلامتی کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بلوچستان ہم سب کی سرزمین ہے۔ اجتماعی عوامی مفاد کا تحفظ ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔ احتجاج کی آڑ میں پرتشدد رویوں اور خلاف قانون اقدامات کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ ریاست کے خلاف عوام کو اکسانا اور سیکورٹی فورسز کے سامنے لاکھڑا کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ قانون سے کوئی بھی مبرا نہیں قانون ہاتھ میں لینے والوں سے نمٹنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات قانون و آئین کے مطابق ہیں۔ مظاہرین بلوچستان حکومت سے بات چیت کے ذریعے معاملات کا حل تلاش کریں۔ عام آدمی کو ریاست کے خلاف اکسا کر مخصوص مقاصد کا حصول قومی سلامتی اور یکجہتی کے لئے زہر قاتل ہے۔ ریاست مخالف سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔ مظاہرین حکومت بلوچستان کی پیشکش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مذاکرات کی ٹیبل پر آئیں۔