پیرس اولمپکس میں بھارت نے پہلا میڈل جیت لیا، میڈلز ٹیبل پر جاپان سرفہرست
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیرس اولمپکس میں میڈلز کی جنگ جاری ہے، اولمپکس کے دوسرے روز مزید 13 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوگیا ،پوائنٹس ٹیبل پر جاپان چار گولڈ میڈلز سمیت 7 گولڈ میڈل لے کر سرفہرست ہے۔ میڈلز ٹیبل پر اب تک 22 ملکوں کا کھاتہ کھل چکا ہے۔
پیرس اولمپکس میں دو روز کے مقابلوں کے بعد جاپان 4 گولڈ،2 سلور اور 1 برانز میڈل کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔
آسٹریلیا 4 گولڈ اور 2 سلور میڈلز کے ساتھ12 مجموعی میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔
امریکا کے مجموعی میڈلز 12 ہیں لیکن گولڈ میڈلز کی تعداد 3 ہے جس کی وجہ سے وہ تیسرے نمبر پر ہے، امریکی ایتھلیٹس نے 6 سلور اور 3 برانز میڈلز بھی حاصل کئِے۔
فرانس کے 3 گولڈ، 3 سلور اور 2 برانز میڈلز ہیں جبکہ کوریا نے 3 گولڈ، 2 سلور اور 1 برانز میڈل لیا۔
میڈلز ٹیبل پر چین نے اب تک 3 گولڈ میڈل کے علاوہ 1 سلور اور 2 برانز میڈلز جیت لیے، اٹلی نے 1 گولڈ، 2 سلور اور 3 برانز، قازقستان نے 1 گولڈ 2 برانز، جبکہ بیلجیم نے 1 گولڈ اور 1 برانز میڈل جیتا ہے۔
جرمنی، ہانگ کانگ اور ازبکستان نے 1، 1 گولڈ میڈل جیتا جبکہ برطانیہ نے 2 سلور ، 2 برانز، برازیل نے 1 سلور ، 2 برانز جبکہ کینیڈا نے 1 سلور اور 1 برانز میڈل جیتا ہے۔
فجی، کوسوو، منگولیہ، پولینڈ اور تیونس نے 1-1 سلور میڈل جیتا، سوئیڈین نے 2 برانز میڈلز حاصل کئے جبکہ مصر، اسپین، ہنگری، انڈیا میکسیکو، مولدووا، اور جنوبی افریقا نے ایک، ایک برانز میڈل جیتا ہے۔
شوٹنگ میں آج چین اور کوریا کے ایتھلیٹس چھائے رہے جبکہ کراس کنٹری ماونٹین بائیک میں فرانس کو طلائی تمغہ ملا۔
پیرس اولمپکس میں اتوار کو بھی کھلاڑیوں کے درمیان میڈلز کے حصول کیلئے زبردست مقابلہ رہا۔ چین کے زی یو نے مردوں کے 10 میٹر ائیرپسٹل شوٹنگ میں گولڈ میڈل جیتا، یہ ان مقابلوں میں چین کا تیسرا گولڈ میڈل تھا، اٹلی کے فیدریکو مالدینی نے سلور اور اٹلی ہی کے پاولو مونا نے برانز میڈل جیتا۔
بھارت کو پیرس اولمپکس میں پہلا میڈل برانز کی شکل میں ملا جو منوبھاکر نے خواتین کے 10 میٹر ائیرپسٹل میں جیتا۔ خواتین کی 10 میٹر ائیر پسٹل کا گولڈ اور سلور کورین شوٹرز کے نام رہے۔
فرانس کی میڈل ٹیلی میں ایک گولڈ کا اضافہ اس وقت ہوا جب میزبان ملک کی پولین فیرانڈ پرئیوٹ نے سائیکلنگ ماونٹین بائیک میں گولڈ حاصل کیا۔ اس مقابلے میں امریکا کی ہیلے بیٹن نے سلور اور سوئیڈن کی جینی رسویڈز نے برانز میڈل جیتا۔
کوریا کو ایونٹ کا تیسرا گولڈ میڈل اس وقت ملا جب خواتین کی ٹیم آرچری میں اُس نے چین کو شکست دی، کورین کی خواتین ٹیم نے مسلسل دسویں مرتبہ اولمپک گولڈ میڈل اپنے نام کیا، برانز میڈل کے میچ میں میکسیکو نے نیدرلینڈز کو ہرایا۔
جاپان نے جوڈو میں ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا جو مردوں کے 66 کلوگرام کے فائنل میں ہیفومی نے برازیل کے ویلیم لیما کو 0-10 سے ہراکر حاصل کیا۔ جوڈو کی برانز میڈل باوٹس میں مولدوا کے ڈینس ویرو اور قازقستان کے گسمان کیرغیزبائیو نے کامیابی حاصل کی۔
جاپان کو تیسرا گولڈ میڈل خواتین کے اسکیٹ بورڈنگ میں ملا، جاپان کی کوکو یوشیزاوا نے خواتین کی اسٹریٹ اسکیٹ بورڈنگ میں گولڈ جیتا، سلور میڈل بھی جاپان کے نام رہا، لیز اکاما دوسرے نمبر پر رہیں۔
میڈل مقابلوں کے دوسرے دن جاپان کا ایک اور سونے کا تمغہ فینسنگ کے مینز ایپی انفرادی مقابلے میں جیتا، جاپان کے کانو کوکی نے فرانس کے یاننک بورل کو 9-15 سے ہرایا۔
آسٹریلیا نے کینوئنگ کے مقابلوں میں پیرس اولمپکس میں اپنا چوتھا گولڈ میڈل جیتا، یہ تمغہ جیس فوکس نے کینوئنگ کے ون سلالوم میں حاصل کیا، پولینڈ نے چاندی اور برطانیہ نے کانسی کا تمغہ جیتا۔
اتوار کو ازبکستان نے بھی پیرس اولمپکس کا پہلا گولڈ میڈل جیتا۔ ازبکستان نے خواتین جوڈو کے 52 کلوگرام مقابلوں میں گولڈ جیتا جو جوڈوکا دییورا کیلدی یوروا نے کوسوو کی دستریا کو شکست دے کر حاصل کیا۔
اولمپکس میں میزبان فرانس نے تیسرا گولڈ میڈل جیت لیا۔ فرانس نے گولڈ میڈل سوئمنگ میں حاصل کیا، مردوں کی چار سو میٹر انفرادی میڈلے میں فرانس کے مرچنڈ لیون نے گولڈ میڈل جیتا۔ جاپان نےچاندی اور امریکا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔
امریکا نے دوسرا گولڈ میڈل ویمن سو میٹر بٹرفلائی میں سونے کا تمغہ جیتا۔ امریکا نے ہی چاندی اور چین نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔