گوادر دھرنے پر کریک ڈاﺅن کیخلاف بلوچستان بھر میں شٹر ڈاﺅن اور پہیہ جام کا اعلان


گوادر(قدرت روزنامہ)بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ترجمان نے کہا کہ اس وقت پورا گوادر ریاست کے جبر کا شکار ہے۔ آج صبح دوبارہ فورسز نے گوادر میں بلوچ راجی مچی کے پرامن دھرنے پر بدترین حملہ کیا، چاروں طرف سے دھرنا گاہ کو گھیرے میں لے کر پرامن شرکاءپر اندھادھند فائرنگ شروع کردی جس سے اب تک متعدد لوگ زخمی ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے شرکاءاس وقت فورسز کے گھیرے میں ہیں، نہ انہیں ہسپتال لے جانے کی اجازت دے رہے ہیں اور نہ ایمبولینس کو وہاں تک رسائی دے رہے ہیں۔ ہمیں خدشہ ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد نہ ملنے کی صورت میں متعدد جانی نقصانات ہوں گے۔ جبکہ دھرنا گاہ اور گوادر شہر سے اس وقت سینکڑوں لوگوں کو جبری طور پر گمشدہ کیا گیا ہے، متعدد گھروں میں چھاپے مار کر توڑ پھوڑ کی جا رہی ہے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی بلوچ عوام سمیت تمام مظلوم اقوام سے اپیل کرتی ہے کہ گوادر میں بدترین جبر کیخلاف فوری طور پر سڑکوں پر نکل آئیں، پورے بلوچستان کو بند کریں، ہر جگہ دھرنا دیں اور پورے بلوچستان میں پہیہ جام اور شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی کال دی جاتی ہے۔