تمام مظاہرین منتشر ہوگئے، خواتین احتجاج کے دوران عزت و احترام کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، وزیر داخلہ


گوادر(قدرت روزنامہ)گوادر میں کارروائی کے دوران 20سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی زیرصدارت امن وامان اور احتجاج کے حوالے سے اہم اجلاس۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حمودلراحمن، ڈی آئی جی مکران رینج ڈاکٹر فرحان زاہد سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی نصیرآباد رینج ایاز بلوچ اے ڈی سی گوادر سربلندکھوسہ اور اے سی گوادر جواد زہری بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں گوادر کی مجموعی صورتحال پر تفیصلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچھ عناصر قانون ہاتھ میں لیکر امن وامان سبوتاژ کرنا چاہتے تھے جن کیخلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران 20 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا کہ گوادر میں تمام مظاہرین منتشر ہوگئے، حالات معمول پر آگئے ہیں۔ گوادر کے حالات کنٹرول کرنے پر تمام ادارے مبارک باد کے مستحق ہیں۔ کچھ شرپسند عناصر گوادر کے حالات خراب کرنا چاہتے تھے جس میں انہیں مکمل ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ آئین پاکستان کے مطابق بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ کسی بلیک میلنگ میں آکر قومی سلامتی داﺅ پر نہیں لگا سکتے۔ بلوچستان کی قبائلی روایات کے مطابق خواتین کو قدر، عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ خواتین سے یہی اپیل اور امید ہے کہ کسی بھی احتجاج کے دوران عزت و احترام کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ احتجاج کے دوران فورسز کے ساتھ اپنی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے رویہ اختیار کیا جائے۔ ایسے کسی عمل کی اجازت نہیں دے سکتے کہ احتجاج کی آڑ میں ریاستی رٹ کو چیلنج، سرکاری املاک کو نقصان اور عام عوام کو تکلیف دی جائے۔