ہماری برداشت کا جواب شرپسندوں نے تخریب کار بن کر دیا، ضیا لانگو


گوادر(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے کہا ہے کہ ایک بار پھر حکومت کی جانب سے برداشت کا مظاہرہ کرنے کا جواب شرپسندوں نے تخریب کار بن کردیا، مظاہرین کا مقصد لاپتا افراد نہیں بلکہ دشمن ایجنڈا ہے۔ گوادر میں مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں جاں بحق ایف سی اہلکار شبیر بلوچ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی اور جسد خاکی کو تدفین کے لیے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں وزیر داخلہ بلوچستان ضیا اللہ لانگو سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضیا لانگو نے کہا کہ عوام اور حکومت مشکل کی گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر حکومت کی برداشت کا جواب شرپسندوں نے تخریب کار بن کردیا ہے، مظاہرین کا مقصد لاپتا افراد نہیں بلکہ دشمن ایجنڈا ہے۔ شرپسند عناصر کو مکمل ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، کسی بلیک میلنگ میں آکر قومی سلامتی داﺅ پر نہیں لگا سکتے۔ احتجاج کی آڑ میں ریاستی رٹ کو چیلنج اور املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔