قومی اسمبلی اجلاس؛ آج کون سے اہم بل پیش کیے جائیں گے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں 43 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق، حکومت کی جانب سے آج قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا ایک اور بل پیش کیا جائے گا۔
الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل پرائیویٹ ممبر بل کے طور پر پیش کیا جائے گا جو رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی پیش کریں گے۔
ایجنڈے کے مطابق، رکن اسمبلی زیب جعفر الیکشن ایکٹ کا دوسرا ترمیمی بل 2024ء قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ ایجنڈے میں توہین عدالت سے متعلق قانون کی منسوخی اور آرٹیکل 184 میں ترمیم سے متعلق آئینی ترمیمی بل بھی شامل ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں جے یو آئی کے نور عالم خان سول سروینٹس ایکٹ 1973ء سمیت آئین کے مختلف آرٹیکلز میں ترمیم کا بل بھی پیش کریں گے۔
رانا محمود قاسم نون پاکستان ایگزامینیشن بورڈ کے قیام کا بل پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی آئین کی مختلف دفعات میں ترمیم کے بل بھی پیش کریں گے۔