عمران خان کا 9 مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت کیلیے انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع


لاہور(قدرت روزنامہ) عمران خان کی جانب سے 9 مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت کے لیے اے ٹی سی سے رجوع کیا ہے،ا س سلسلے میں انہوں نے اپنے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواستیں دائر کی ہیں۔
بانی چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تمام مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے کسی قسم کی کوئی ریکوری نہیں ہونی۔ پولیس کیسز بدنیتی پر مبنی ہیں، انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت سے استدعا ہے کہ ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے دائر کی گئی درخواستیں منظور کی جائیں۔
عدالت سے بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس حملہ کیس، عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں رہائی کی استدعا کی ہے۔