ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش: ’گورننس ڈوب رہی ہے کوئی تو اسے بچائے‘


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوا، وہیں متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں . موسلا دھار بارشوں کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کی گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں جس سے ٹریفک کی آمد ورفت شدید متاثر ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے .


بارش کے بعد پیدا ہونے والی بد ترین صورتحال پر صارفین حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں . ان کا کہنا ہے کہ اتنی سی بارش سے متعدد علاقے ڈوب گئے ہیں اور اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ہے لیکن حکومت کی جانب سے کوئی خاص انتظام نہیں کیا جا رہا .
صحافی مغیث علی نے راولپنڈی کے ایک علاقے کی ویڈیو شیئر کی جس میں بارش کی وجہ سے پانی کا بہاؤ بہت تیز ہے اور اس میں گاڑیاں ڈوب رہی ہیں . انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ طوفانی بارش سے راولپنڈی ڈوب گیا .
احمد حسن نامی صارف نے بارش میں ڈوبے راولپنڈی کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دکانیں کئی فٹ تک ڈوب گئی ہیں . انہوں نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کاروباری حالات میں ان تاجروں کے کاروبار کی رہی سہی کسر اس بارش نے پوری کر دی ہے، ہر طرف تباہی ہی تباہی ہے . ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم وہ بدقسمت قوم ہیں جو 75 سالوں میں بھی اپنی کسی چیز کو بہتر نہیں بنا سکے .
خولہ چوہدری لکھتی ہیں کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو لمبے بوٹ پہن کر ان تالاب بنی ہوئی گلیوں میں دیکھنا چاہتی ہیں .
ایک صارف نے وزیراعلیٰ پنجاب کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز پہلی دفعہ ’فارم 47‘ کی مدد سے وزیراعلیٰ پنجاب بنی ہیں اور راولپنڈی میں ایک بارش نے ان کی ’گڈ گورننس‘ کا پول کھول دیا ہے . انہوں نے طنزاً لکھا کہ ’گورننس ڈوب رہی ہے کوئی تو اسے بچائے‘ .
ارم جعفری نے راولپنڈی میں بارش کے بعد کی صورتحال کی ویڈیو اپلوڈ کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو بتائیں کہ راولپنڈی بھی پنجاب میں ہی آتا ہے برساتی جوتے پہن کر ایک چکر ادھر کا بھی لگا لیں .
واضح رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ہے اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں رین ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے . نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر ندیم کالونی اور جاوید کالونی کے مکینوں کوالرٹ کردیا گیا ہے، سائرن بجاکر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونےکی ہدایت جاری کردی گئی ہیں .

. .

متعلقہ خبریں