شاہد آفریدی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی سرجری کا مطالبہ کردیا


بورڈ کا کردار باپ کا ہوتا ہے، مسئلے کو بڑھائیں مت کم کریں، سابق کپتان
کراچی(قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارحانہ بلے باز شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی سرجری کا مطالبہ کردیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ محسن نقوی کو کرکٹ کا زیادہ نہیں پتہ، محسن نقوی ایک عہدہ رکھیں ان کے ایڈوائزر اچھے نہیں، ایڈوائزر کے کہنے پر چلیں گے تو کچھ نہیں ہوگا، ایک یا دو سلیکٹر کو ہٹا کر کچھ نہیں ہوگا۔
شاہد آفریدی نے پی سی بی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کا کردار باپ کا ہوتا ہے، مسئلے کو بڑھائیں مت کم کریں، بورڈ اپنے آپ کو بچانے کے لیے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے سامنے نہ کرے، ڈسپلن کا مسئلہ پہلے بھی ہوتا تھا اس کو حل کرنا آنا چاہیئے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ انڈر 16 ایسا فارمیٹ ہے جہاں آپ مارڈرن ڈے کرکٹ سکھا سکتے ہیں، اس اکیڈمی کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، یہاں فاسٹ بولرز اسپنرز اور ہارڈ ہٹرز کے کیمپ لگائیں گے، ملک کو اس وقت ضرورت ہے کہ پرائیوٹ سیکٹر آگے آئے، گیری کرسٹن کی ضرورت پاکستان ٹیم کو نہیں گراس روٹ پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کی تعریف میں کم کرتا ہوں، تمام لڑکے میرے لیے برابر ہیں، جب یہ لڑکے اچھا کھیلتے ہیں ہمیں خوشی ہوتی ہیں۔
بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے حوالے سے شاہ آفریدی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے پر اگر بھارت کی نیت نہیں ہوگی تو بھارت بہانے کرتا رہے گا، ہم نے ہر مشکل حال میں بھارت جاکر کھیلا ہے، اگر حالات بہتر نہیں کرنے تو نہ آئیں۔