خودساختہ انقلابی ترلے منتوں پراتر آیا ہے، مریم اورنگزیب


لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خودساختہ انقلابی ترلے منتوں پر اتر آیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ خود ساختہ انقلابی ، فوج سے کس بات کے مذاکرات چاہتا ہے، شہدا کے مجسمے توڑ کر ، جی ایچ کیو اور ایئر بیس پہ حملے کر کے ، کور کمانڈر کا گھر جلا کر فوج سے معافی مانگو مذاکرات نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ سے 9 مئی کے گناہ کی معافی مانگو، 9 مئی کا منظم منصوبہ ، شہدا کی یادگاروں کی توہین ، تنصیبات اور جی ایچ کیو پہ حملہ تنقید نہیں ریاست پر حملہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاشسٹ کی بات صرف اور صرف اقتدار کے لیے ہوتی ہے اور اقتدار کی خاطر آئین توڑنے والا فاشسٹ ہوتا ہے۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ فاشسٹ سیاسی مخالف کو اذیت دینے کے لیے قید والد کے سامنے بیٹی کو گرفتار کرتا ہے، فاشسٹ وہ ہوتا ہے جس کو “میڈیا پریڈیٹر”، آزادیاں ہڑپ کر جانے والا درندہ قرار دیا گیا ہوتا ہے۔