گوادر جلسہ پر کریک ڈاﺅن کیخلاف وندر پریس کلب کے سامنے احتجاج و دھرنا


سونمیانی وندر گڈانی(قدرت روزنامہ)بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے وندر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور احتجاجی ریلی نکالی گئی،گوادر جلسہ کریک ڈاﺅن کیخلاف مرد و خواتین نے حب کے قریب احتجاجاً شاہراہ بلاک کردی۔ گزشتہ روز وندر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے وندر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بعد ازاں وندر شہر میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا نے وندر بازار کا گشت کیا اور ایک بڑے جلسے میں تبدیل ہوگئی، ریلی کے شرکا سے نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری کامریڈ محمد سلیم واڈیلہ بلوچ ، نیشنل پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد امین رونجہ، نیشنل پارٹی تحصیل سونمیانی کے سابق صدر ابوبکر بلوچ، وندر کے کمیٹیٹر محمد اختر خاصخیلی، واجہ داد محمد بلوچ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچوں پر جاری ظلم بند کیا جائے، عوام جلسے کرسکتی ہے جو کہ اس کا آئینی حق ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں جلسوں سے روک کر مزاحمت کی جاتی ہے اور ہماری ماں بہنوں بچوں اور نوجوانوں پر گولیاں برسائی جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری عورتوں کی سرعام تذلیل کرکے ڈیتھ اسکواڈ کو ہم بلوچوں پر مسلط کرکے ظلم ڈھایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچ راجی مچی میں جانے والے قافلوں کو راستہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صبغت اللہ شاہ جی اور جتنے بھی بلوچ بہن بھائیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، انہیں فوری رہا کیا جائے۔ دریں اثنا گوادر جلسہ کریک ڈاﺅن کیخلاف مرد خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور حب کے قریب شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے احتجاجاً شاہراہ کو بلاک کردیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔