میڈیا سے وابستہ افراد کے مسائل اور مطالبات حل کریں گے، گورنر بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ک ہمیں احساس ہے کہ میڈیا سے وابستہ صحافی حضرات رپورٹر اور کیمرہ مین وغیرہ کی اکثریت کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے اور کبھی کبھار اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران کئی صحافی جاں بحق یا زخمی ہو جاتے ہیں تو ایسی صورتحال میں ان کا پورا خاندان کئی معاشی مشکلات سے دوچار ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحافیوں کے حقوق، جان و مال کا تحفظ اور ان کی معاشی آسودگی کیلئے کی گئی آئی ٹی این ای ٹریبونل کی تمام کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہاﺅس کوئٹہ میں چیئرمین ایمپلی مینٹیشن ٹریبونل فار نیوز پیپر ایمپلائز شاہد محمود کھوکھر اور جرنلسٹ شہزادہ ذوالفقار سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمیں فخر ہیں تمام سرکاری اور نجی اداروں میں کام کرنے والے میڈیا ایسوسیٹڈ پرسنز پر جو ہمیں پل پل بدلتی دنیا کے تازہ ترین حالات واقعات سے باخبر رکھنے، عوام میں حقوق وفرائض کا احساس پیدا کرنے، حکومت اور عوام کے درمیان پُل کا کردار ادا کر رہے ہیں چیئرمین ٹربیونل شاہد محمود کھوکھر نے بلوچستان کے ورکنگ جرنلسٹس کے مسائل اور متعلقہ تمام سرکاری اداروں سے صحافیوں کے مطالبات و شکایات سے آگاہ کیا جس پر گورنر بلوچستان نے تمام مسائل و مشکلات کو قانون کے دائرے کے اندر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔