کوئٹہ کے ہسپتال میں دوران زچگی خاتون کی موت، محکمہ صحت نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے ہسپتال میں مبینہ طور پر زچگی کے دوران خاتون کی موت پر محکمہ صحت نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان کوئٹہ کے جا ری کر دہ اعلامیہ کے مطابق کوئٹہ کے علاقے پشتون باغ میں واقعہ منظور ہسپتال میں 27 جولائی کو زچگی کے دوران مبینہ طور پر خاتون کی موت پرتین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے کمیٹی میں چیف ایپیڈیمولوجسٹ ڈاکٹر سبینہ حسن بلوچ ،چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد نسیم کٹکےزئی اورشبیر احمدشامل ہیں،اعلامیہ کے مطابق کمیٹی منظور ہسپتال کوئٹہ کی انتظامیہ سے ملاقات کر کے تحریری بیانات ریکارڈ کرے گی دوران علاج متوفی خاتون کا مکمل ریکارڈ،دستاویز حاصل کر یگی ،ڈاکٹر عائشہ فیض کی پی ایم ڈی سی اور دیگر گائنی سے متعلق خواتین سٹاف کی تمام اہلیت کے دستاویزات رجسٹریشن کی کاپیاں چیک اور حاصل کریگی۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی متوفی خاتون کے لواحقین سے رابطہ کر کے اور ان سے تحریری معلومات حاصل کرے گی اور موقع کی سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج اگر دستیاب ہو حاصل کر نے کے بعد تین دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔