الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو کسی صورت قائمہ کمیٹی سے پاس نہیں ہونے دینگے: لطیف کھوسہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو بدنیتی پر مبنی بل قرار دے دیا۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ 2017 ترمیمی بل پیش کیا گیا جسے اسپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔
اس بل سے متعلق پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہےکہ پارٹی تبدیلی کے لیے بدنیتی پر مبنی بل لایا جا رہا ہے، قائمہ کمیٹی سے کسی صورت بل پاس نہیں ہونے دیں گے۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں غیر آئینی طریقے سے بل پاس کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف نے ٹوٹل ووٹوں کا 50 فیصد لیا ہے، 41 ایم این ایز نے بیان حلفی جمع کروائے، بیان حلفی کے باوجود ہمارے ایم این ایز کے خلاف ایکشن لیے جا رہے ہیں،الیکشن کمیشن باقی ایم پی ایز کے نوٹیفکیشن جاری کرے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بل کو غیر آئینی طریقے سے پاس کیا جا رہا ہے، امید ہے سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر عمل کروائے گی، سپریم کورٹ سے درخواست ہے ہمارے ممبران کو تحفظ فراہم کرے۔