تمام تقسیم کار کمپنیاں بشمول کے الیکٹرک زائد بلنگ میں ملوث پائی گئیں، نیپرا رپورٹ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اپریل تا جون 2024 کے دوران صارفین کو زائد بل موصول ہونے کے معاملے پر نیپرا کے افسران نے اپنی رپورٹ مرتب کر کے اتھارٹی کو پیش کر دی۔
نیپرا کی رپورٹ میں تمام تقسیم کار کمپنیاں بشمول کے الیکٹرک زائد بلنگ میں ملوث پائی گئی ہیں جس پر اتھارٹی نے زائد بلنگ کے معاملے پر وضاحت طلب کر لی ہے۔ اتھارٹی نے رپورٹ کی روشنی میں تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک کو ہدایات جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
نیپرا ہدایات کے مطابق اپریل 2024 سے جون 2024 کے دوران مقررہ بلنگ مہینوں سے کم ریڈنگز کے لیے تناسب کی بنیاد پر وصول کیے گئے صارفین کو ریکارڈ شدہ اصل یونٹس کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جائے۔
مقررہ بلنگ مہینے سے کم ریڈنگ کے لیے تناسب کی بنیاد پر وصول کیے گئے صارفین جو بل ادا نہیں کر سکے، ان پر لیٹ پیمنٹ سرچارج نہیں لگایا جائے گا اور جن صارفین نے لیٹ پیمنٹ سرچارج کے ساتھ بلوں کی ادائیگی کی ہے انہیں بھی ایڈجسٹ کیا جائے۔ اوسط بلنگ سے بچنے کے لیے فوری طور پر خراب میٹروں کو تبدیل کیا جائے۔
تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ میٹر ریڈنگ میں کنزیومر سروسز مینول کی شقوں پر عمل کریں اور تمام ہدایات کی تعمیل کی رپورٹ 30 دنوں کے اندر جمع کرائی جائے۔