تاپسی پنو پاپارازیوں سے اپنے اختلاف پر بول پڑیں
ممبئی (قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو اپنے خیالات کا بے دھڑک اظہار کرنے کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتی ہیں چاہے وہ ان کی فلموں، ذاتی زندگی، سوشل میڈیا ٹرولنگ، یہاں تک کہ پاپارازیوں کے بارے میں ہوں۔
ایک نئے انٹرویو میں اداکارہ نے پاپارازیوں کے ساتھ اپنے اختلافات کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوش کرنے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔انٹرویو میں تاپسی پنوں نے کہا کہ منفی خبروں کو زیادہ کلکس ملتے ہیں اور پوچھا کہ آج کل مثبت خبروں پر کون کلک کرتا ہے؟ منفی خبریں زیادہ سنسنی خیز ہیں۔
پاپارازیوں کے بارے میں تاپسی پنو نے کہا کہ وہ انہیں فلمیں نہیں دلاتے، ان کی فلمیں خود بولتی ہیں، اس لیے وہ نام نہاد میڈیا کے ایک حصے کو خوش کرنے پر یقین نہیں رکھتی۔اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ انہیں براہ راست میڈیا بھی نہیں کہتیں کیونکہ وہ اپنے ذاتی مفاد کو پورا کر رہے ہیں کہ کوئی ان کے پورٹل پر کلک کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے اس حق کے لیے معافی نہیں مانگنا چاہتی، وہ صرف ایک عام عورت ہیں جو چاہتی ہیں کہ وہ اس کی پرائیویسی اور ذاتی اسپیس کا احترام کریں۔