کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستانی فیشن انڈسٹری کی معروف ڈیزائنر ماریہ بی نے ایک بار پھر ہم جنس پرستی کے خلاف آواز اُٹھائے ہوتے ہوئے ویب سیریز ‘برزخ’ کے ہدایتکار عاصم عباسی کی کلاس لے لی .
ماریہ بی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر جاری کیے گئے پیغام میں ہدایتکار عاصم عباسی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے اس ایجنڈے کے عادی نہیں بنیں گے اور نہ ہی اپنے بچوں میں یہ گندگی پھیلنے دیں گے .
اُنہوں نے کہا کہ سیریز ‘برزخ’ میں قومِ لوط کے سب سے حرام کام اور بڑے گناہ جیسے زنا، فحاشی اور ہم جنس پرستی کو انتہائی بےشرمی سے دکھایا جارہا ہے .
فیشن ڈیزائنر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ‘برزخ’ کے ہدایتکار نے قرآن پاک میں ذکر کیے گئے سب سے بڑے گناہوں کی فہرست بنائی اور اس پر سیریز بنا ڈالی، وہ اپنی سیریز کے ذریعے زنا، فحاشی، بچوں کی ذہن سازی، جادو اور ہم جنس پرستی کو فروغ دے رہے ہیں .
ماریہ بی نے کہا کہ برزخ کی ٹیم نے چند کروڑ کی خاطر پاکستانی کے 25 کروڑ عوام کے جذبات سے کھیلا ہے اور دل توڑا ہے لیکن میں آپ کو بتاتی چلوں کہ ہم آپ کا ایجنڈہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے .
اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور تمام والدین متحد ہوکر اس ایجنڈے کے خلاف آواز بُلند کریں گے اور اپنے بچوں کی حفاظت کریں گے، ہم اپنے بجوں کی حفاظت کے لیے دیوار بن کر کھڑے ہوجائیں گے .
فیشن ڈیزائنر نے مزید کہا کہ ہم فحاشی کو عام کرنے پر آپ کو عدالت میں لیکر جائیں گے اور جیت ہماری ہوگی . واضح رہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ‘برزخ’ کی تیسری قسط میں دو مرد کرداروں کے درمیان رومانوی مناظر اور رغبت دکھائی گئی تھی .
پاکستانی ہدایت کار عاصم عباسی کی تحریر کردہ اور بنائی گئی ویب سیریز ‘برزخ’ کو بھارتی پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے اور اس سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے ہی بنایا گیا ہے .