کوئٹہ ریڈ زون 5 روز سے سیل، کوئٹہ کراچی ،ایم ایٹ کوسٹ ہائی وے بھی تاحال بند، مسافر پریشان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ نے ریڈزون کوئٹہ کو جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر سیل کررکھا ہے گزشتہ 5 روز سے ریڈ زون سیل ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم جبکہ کوئٹہ کراچی شاہراہ مختلف مقامات سے اور کراچی گوادر ایم ایٹ کوسٹ ہائی وے بھی 6 روز سے بند ہونے کی وجہ سے گاڑیاں مختلف مقامات پر کھڑی ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں، علاقہ مکینوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ریڈو زون کوکنٹینرز کے ذریعے مکمل سیل کیا گیاہے ا س کے علاوہ ریڈزون میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور کوئٹہ انتظامیہ نے احتجاج و جلسوں کیلئے ہاکی گرائونڈ کو مختص کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کررکھا ہے چار روز سے ریڈوزن بند ہونے سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔