پی ٹی آئی کی خام خیالی ہے کہ ستمبر، نومبر کے بعد حکومت میں آ جائیں گے: خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو لگتا ہے کہ سپریم کورٹ میں قیادت کی تبدیلی کے بعد وہ حکومت میں آجائیں گے، یہ خام خیال ہے کہ وہ شاید ستمبر نومبر کے بعد حکومت میں آ جائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق بیان پر قائم ہوں کہ انہوں نے پاؤں پکڑنے ہی پکڑنے ہیں، علیمہ خان نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں ترلے کی ٹون میں بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں انہیں حکومت کرتے 15 سال ہو گئے، بجائے نئی یونیورسٹی بنانے کے تعلیمی اداروں کی زمین بیچ رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے دہشتگردوں کو واپس لا کر آباد کیا، یہ ملک دیوالیہ کر کے گئے، آئی ایم ایف کو خط انہوں نے لکھے، بانی پی ٹی آئی کو اپنی ذات اور اقتدار کے سوا کوئی چیز یا رشتہ عزیز نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ صبح پراٹھوں کا ناشتہ کرکے آتے ہیں اور پھر بھوک ہڑتال پر بیٹھ جاتے ہیں، ان کی حکمت عملی یہ ہے کہ بڑھک مارو، اگلا ڈر جائے تو ٹھیک ورنہ مذاکرات کی بات کرو۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ اپریل 2019 میں جنرل فیض حمید نے جنرل باجوہ کے سسر کے گھر پر ان سے ملاقات کی اور پوچھا کہ آپ جنرل باجوہ کو توسیع دے رہے ہیں یا نہیں؟
خواجہ آصف کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی سے بالکل تنگ آگئے ہیں، آپ جون تک پنجاب کی حکومت لیں اور دسمبر میں وفاقی حکومت لے لیں۔