پنجاب میں موسلادھار بارشیں، لاہور میں پانی اسپتال اور گھروں میں داخل، 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا جبکہ صوبائی دارالحکومت میں پانی اسپتال اور گھروں میں بھی داخل ہو گیا . ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، موٹروے ایم 2 پر پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیازبیگ تک بارش کا سلسلہ جاری ہے .

اس کے علاوہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ کے مقامات پر بارش ہو رہی ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش ہے . لاہور میں موسلادھار بارش سے سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں پانی جمع ہو گیا، اسپتال کی ایمرجنسی میں بارش کا پانی جمع ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے . لاہور کے نواحی علاقے چوہنگ میں بھی موسلادھاربارش ہوئی جبکہ علاقے تاج پورہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا . محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور مون سون بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے . محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ائیرپورٹ پر سب سے زیادہ 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نشتر ٹاؤن میں 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی . واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور ائیر پورٹ پر ہونے والی بارش 44 سال میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ ہے . ادھر لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں بارش سے 400 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں، بارش رکتے ہی بجلی کی بحالی کا کام شروع ہو جائے گا . لاہور کے علاوہ پنجاب کے شہروں شیخوپورہ، قصور، پاکپتن، سرگودھا، جہلم، مری، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے . میرپور آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے درخت گر گئے ہیں . . .

متعلقہ خبریں