رین ایمرجنسی نافذ، دفاتر، تعلیمی ادارے بند، پانی میو اسپتال کی ایمرجنسی میں داخل، لاہور اور سرگودھا میں 2-2 افراد جاں بحق
لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور میں بارشوں کا 44 سالہ ریکارڈ پھر ٹوٹ گیا، بارش کا پانی گھروں میں داخل، سڑکیں اور شاہراہیں ڈوب گئیں جبکہ بارش کا پانی سروسز اور میو اسپتال کی ایمرجنسی میں داخل ہو گیا جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے . بارش کے بعد مختلف علاقوں کے تقریباً 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے ہیں .
تمام دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے .
حکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ دنوں تاجپورہ میں 315 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ سب سے زیادہ لاہور ائیرپورٹ پر 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی .
اعداد وشمار کے مطابق نشتر ٹاؤن 250، پانی والا تالاب 226، جوہر ٹاؤن میں 220، تاجپورہ 220، قرطبہ چوک 218، فرخ آباد میں 215 گلشن راوی 210، اقبال ٹاؤن 205، سمن آباد 203، چوک ناخدا 200، لکشمی چوک 199 اور اپر مال میں 194 مغلپورہ 180، گلبرگ 150 اور جیل روڈ پر 127 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی .
لاہور کے نواحی علاقے چوہنگ میں موسلادھاربارش ہوئی جس کے بعد علاقے تاج پورہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا . لاہور کے علاوہ پنجاب کے شہروں شیخوپورہ، قصور، پاکپتن، سرگودھا، جہلم، مری، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے .
لاہور میں بارش کے باعث 400 سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے . اس حوالے سے ادھر لیسکو حکام نے بتایا کہ لاہور میں بارش سے 400 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں .
انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران فیڈر پر کام نہیں کیا جاسکتا، بجلی کی بارش رکتے ہی بجلی کی بحالی کا کام شروع ہو جائے گا . واضح رہے کہ [گزشتہ ماہ ہی لاہور][1] میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا . لاہور کے علاقے تاجپورہ میں 315 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی .
لاہور میں مختلف حادثات میں بچی سمیت دو جاں بحق
نشاط کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ گجومتہ میں گھر کی چھت گرنے سے بچی جاں ہوگئی .
تفصیلات کے مطابق لاہور نشاط کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا . نامعلوم شخص موٹر سائیکل پر جا رہا تھا . بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگا . گجومتہ میں گھر کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ہوگئی . ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے پھنسے چھ افراد کو نکال لیا .
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور حادثات
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے . ٹھنڈی ہواؤں اور آسمان پر چھائے کالے بادل برسے تو کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم خوشگوار بنادیا .
میرپور آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے درخت گر گئے ہیں . محکمہ موسمیات نے آج سے 6 اگست کے دوران ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے .
راولپنڈی میں لڑکی برساتی نالے میں ڈوب گئی
ریسکیو ٹیم کے مطابق راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں میں لڑکی برساتی نالے میں ڈوب گئی . حکام کے مطابق لڑکی اسکوٹی چلاتے ہوئے برساتی نالے میں جا گری . ریسکیو ٹیموں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ لڑکی کی عمر 20 سال کے قریب بتائی جا رہی ہے .
سرگودھا میں 2 بچے جاں بحق
سرگودھا کے علاقے چک نمبر110جنوبی میں دو بچے بارش کے کھڑے پانی مین نہاتےہوئے ڈوب گئے .
سرگودھا کے علاقے فیصل آباد روڈ پر چک نمبر 110 جنوبی کے قریب 2 بچے نہاتے ہوئے ڈوب گئے . 12 سالہ عدنان اور 10 سالہ قمرپہاڑی کے کٹاؤ سے پیدا ہونے والے تالاب میں نہانے اترے تھے .
مقامی لوگوں نے دونوں بچوں کی لاشیں اپنی مدد آپ کے تحت نکال لیں تاہم ریسکیو اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے . دونوں بچے آپس میں کزن اور ایک ہی گھر سے تعلق رکھتے تھے . والدین غم سے نڈھال ہوگئے .