چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی تعیناتی سپریم کورٹ میں چیلنج
لاہور(قدرت روزنامہ)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی تعیناتی سپریم کورٹ میں چیلنج کردی گئی ہے۔
پاکستان بار کونسل کے ممبر شفقت محمود چوہان نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی تعیناتی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سنیارٹی اصول کے خلاف چیف جسٹس عالیہ نیلم کی تقرری غیر آئینی ہے۔
شفقت محمود چوہان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ الجہاد ٹرسٹ کیس میں سنیارٹی پرنسپل طے ہوچکا ہے، عدالت جونئیر جج کی بطور چیف جسٹس تقرری کالعدم قرار دے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے گزشتہ ماہ 11 جولائی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، گورنز پنجاب سردار سلیم حیدر نے ان سے ان کے عہدے کا حلف لیا تھا۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس عالیہ نیلم کو صوبہ پنجاب کی سب سے بڑی عدالت لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس نامزد کرتے ہوئے ان کے نام کی باقاعدہ منظوری دی تھی۔
صدر مملکت کی جانب سے منظوری کے بعد وزارت قانون نے جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔یاد رہے کہ جسٹس عالیہ نیلم ملکی تاریخ کی پہلی خاتون ہیں جو ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہوئی ہیں۔