اپر چترال میں گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب، متعدد جاں بحق، درجنوں گھر تباہ
مال مویشی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئےاور فصلوں اورباغات کو بھی نقصان
چترال(قدرت روزنامہ)اپرچترال میں گلیشیئر پھٹنے سے سیلابی صورتحال کے باعث دو افراد جان بحق ، دو زخمی اور ایک بچہ لاپتہ ہے، تقریبا 45 گھرمکمل جبکہ متعدد کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوریچ تورکہو اپر چترال کا آخری دورافتادہ گاؤں ہے جہاں عینی شاہدین کے مطابق پہلے زور دار دھماکہ کی آواز سنی گئی، جس کے بعد لوگ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو گئے ، تاہم سیلاب میں 80فیصد علاقے کو نقصان پہنچا ہے۔
کھڑی فصلیں ، باغات اور درجنوں مویشی سیلاب میں بہہ گئے ہیں ، ایک خاتون سمیت دو افراد ملبے تلے دب کر جان بحق ہوگئے جن کی لاشیں مقامی رضاکاروں نے ملبے سے نکال کر سپردِ خاک کر دیا ، سیلاب کی زد میں اکر دو افراد زخمی اور ایک بچہ لاپتہ ہے۔
اپر چترال انتظامیہ کی طرف سے امدادی ٹیمیں اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں علاقے کی طرف روانہ کردی گئی ہے ، جبکہ ریسکیو 1122اور آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ کے والنٹیئرز موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ عدنان نے ابتدائی طور پر دو افراد کے جان بحق ہونے اور35گھروں کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کردی۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں گرمی کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے جس کے باعث گلیشئیر کے پگھلنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل گلیشیئر کے نیچھے کھڑے دو سیاح اس وقت جان کی بازی ہار گئے جب گلیشیئر کا ایک حصہ پگھلنے سے گر گیا۔ جس کے بعد متعلقہ حکام نے ایک ایڈوائزری جاری کی جس میں سیاحوں کو گلیشیئر کے قریب جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی۔