گوادر میں حالات گمبھیر، اشیا خورونوش کی قلت ہوگئی، مظاہرین لچک کا مظاہرہ کریں، ہدایت الرحمن
گوادر (قدرت روزنامہ) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے دھرنا مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ بلوچستان اور بالخصوص گوادر شہر کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، شہریوں کے مسائل اور تکالیف کے پیش نظر لچک کا مظاہرہ کریں۔
مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ بلوچستان اور گوادر شہر کے حالات روز بروز گمبھیر ہوتے جا رہے ہیں۔ اشیائے خورونوش کی فراہمی اور بیماروں کی کراچی جیسے بڑے شہروں میں منتقلی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ بی وائے سی کی قیادت سے درخواست ہے کہ وہ مسائل کو بات چیت اور گفت و شنید کے ذریعے حل کرنے میں تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ، بی وائے سی، اور آل پارٹیز کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انٹرنیٹ سروس اور موبائل فون سگنلز کی بحالی جیسے اہم پوائنٹس پر عملدرآمد جاری ہے۔
مولانا ہدایت الرحمن نے بطور عوامی نمائندہ یقین دلایا کہ ان کی بھرپور کوشش ہے کہ لوگوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا میری اولین ترجیح ہے کہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو اور ان کے مسائل جلد از جلد حل کیے جائیں۔ تمام متعلقہ فریقین سے درخواست ہے کہ وہ شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعاون کریں اور اس مسئلے کے حل میں مثبت کردار ادا کریں۔ بی وائے سی کا معاہدہ ختم اور دھرنا جاری کرنے کا اعلان۔