. .
جیکب آباد(قدرت روزنامہ)جیکب آباد، بیگاری کینال کو پڑنے والا شگاف پرُ نہ ہوسکا، 8 سے زائد گاؤں زیر آب آگئے، متاثرین کا محکمہ آبپاشی کے خلاف احتجاج . تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے علاقے میرانپور کے قریب گزشتہ روز بیگاری کینال کو پڑنے والا 100 فٹ کا شگاف اب بڑھ کر 120 فٹ چوڑا ہوچکا ہے جس کی وجہ سے مزید 8 گاؤں زیر آب آچکے ہیں اور زرعی زمین مکمل ڈوب گئی ہے، محکمہ آبپاشی کے حکام کو اطلاع کے باوجود کوئی نہیں پہنچا جس کی وجہ سے مزید نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، متاثرین نے محکمہ آبپاشی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اطلاع کے باوجود کوئی عملدار نہیں پہنچا جس کی وجہ سے ہمارے گھر اور زرعی زمینیں ڈوب گئیں ہیں جس سے ہمیں لاکھوں کا نقصان ہوا ہے اور ہم بے گھر ہوگئے ہیں، متاثرین نے کہا کہ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پرُ کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن پانی کا بہاؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے شگاف پرُ نہیں ہورہا انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور شگاف کو پرُ کرنے کے انتظامات کئے جائیں اور ہمارے نقصان کا ازالہ کیا جائے .
متعلقہ خبریں