حب شہر میں بینکوں کے اے ٹی ایم بند، تنخواہ دار طبقہ پریشانی کا شکار


حب(قدرت روزنامہ)حب کے کاروباری حضرات اور تنخواہ دار طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ کل شام سے شہر کے تمام بینکوں کے اے ٹی ایم بند ہیں۔ یہ مسئلہ ہر ماہ تنخواہوں کے دنوں میں معمول بن چکا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس صورتحال پر کاروباری حضرات کا کہنا ہے کہ بینکنگ سسٹم کی ناقص حالت ان کے کاروباری معاملات کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا کہ ہر ماہ تنخواہوں کے دنوں میں ہمیں اے ٹی ایم کی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے ہمارے روزمرہ کے معاملات میں مشکلات پیش آتی ہیں۔تنخواہ دار طبقے کے افراد بھی اس مسئلے سے پریشان ہیں۔ ایک سرکاری ملازم نے بتایا، “ہماری تنخواہیں بینک میں آتی ہیں، لیکن اے ٹی ایم بند ہونے کی وجہ سے ہم اپنی تنخواہیں نہیں نکال سکتے، جس سے ہمارے روزمرہ کے اخراجات میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ حب کے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے درخواست ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں اور بینکنگ سسٹم کی ناقص حالت کو بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کریں۔