عمر کے حساب سے روزانہ کتنے بادام کھانے چاہیے؟ جانیے بادام کھانے کا صحیح طریقہ
بادام کھانے سے پہلےہر شخص کو اس کی عمر کے مطابق صحیح مقدار معلوم ہونی چاہیے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بادام، دماغ کو تیز کرتے ہیں اور حافظے کو قوی بناتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بڑھتے ہوئے بچوں کی ذہنی نشوونما ہو یا خاندان کے فرد کی صحت کا معاملہ ہو۔ خاندان کے بزرگ بادا م کھانے کا مشورہ ضرور دیتے ہیں۔
بادام گری دار میوں میں سب سے زیادہ غذائیت پر مشتمل ہے۔ اگر اسے روزانہ کی بنیاد پر استعمال کیا جائے تو اس سے جسم میں کیلشیم، ائرنِ وٹامن ای، فاسفورس، زنک، سیلینیم،اور میگنیشیم کی کمی پوری ہوتی ہے۔
بادام کا باقاعدہ استعمال جلد اوربالوں کی صحت، دل، ذہنی امراض، ذیابیطس، کھانسی ، سانس کے مسائل اور خون کی کمی کو دور کرتاہے، لیکن اگر اسے زیادہ استعمال کیا جائے تو اس سے قبض ، جلدی بیماریوں اور زیادہ پسینہ آنے کی شکایت ہو سکتی ہے۔
قدرت کے قانون کے مطابق، جس طرح ہر چیز میں میانہ روی اچھی ہوتی ہے، اسی طرح اگر بادام کو بھی اس کی ضرورت اور عمر کی مناسبت سے لیا جائے تو یہ فائدہ پہنچاتے ہیں، ورنہ بصورت دیگر اس کی گرم تاثیرفائدے کی بجائے نقصان پہنچا سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بادام کو کھانے سے پہلےہر شخص کو اس کی عمر کے مطابق صحیح مقدار معلوم ہونی چاہیے۔
بالغ افراد کو کتنے بادام کھانے چاہیے
ماہرین صحت کی رپورٹس ایک بالغ شخص کو روزانہ تقریبا 30 گرام یعنی 23 بادام تجویز کرتی ہے۔ یہ مقدار کسی بھی بالغ شخص کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔ اگر کھاتے ہوئے اس مقدار کو مدنظر رکھا جائے تو اس سے نقصان نہیں ہوتا ہے۔
وزن کم ہوتا ہے
تحقیق کے مطابق جو لوگ بادام کھاتے ہیں ان کا وزن ان افراد کے مقابلے میں تیزی سے کم ہوتا ہے، جو بادام نہیں کھاتےہیں۔ بادام کے اندر پائی جانے والی مونو سیچوریٹڈ فیٹس، پروٹین اور فائبر کی وافر مقدار سے معدہ میں ہر وقت بھرے رہنے کا احساس رہتا ہے۔ یہ سیچوریٹڈ چکنائی دل کو مضبوط اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کر نے میں مدد کرتی ہے۔ اس طرخ بادام میں موجود پروٹین پٹھوں کی مرمت اور اس کی فعالیت میں اضافے میں مددگار ہوتا ہے، جس کی وجہ سے آپ کا وزن برقرار رہتا ہے۔
بچوں کو کتنی مقدار میں بادام کھانے چاہیے
بچوں کو اگر روزانہ 10بادام بھگو کر کھلائے جائیں تو انہیں مناسب مقدار میں پروٹین مل جاتی ہے۔ اس لیے ان کے لیے روزانہ 10 بادام کافی ہیں۔
اگر آپ چاہتے ہیں بادام کے فوائد مکمل حاصل کیے جائیں تو آپ کو ان کے کھانے کا صحیح طریقہ معلوم ہونا چاہیے۔ آپ بادام کو بغیر بھگوئے بھی کھا سکتے ہیں اور یہ زیاہ فائدہ مند رہتا ہے۔ کچے باداموں میں قدرتی تیل اور کئی غذائی اجزاء محفوظ ہوتے ہیں ، جو صحت سے متعلق کئی فوائد آفر کرتے ہیں۔
تاہم بادام کا بھگو کر کھانے پر لوگوں کا زیادہ اعتماد پایا جاتا ہے۔ اس طریقے میں بادام کو رات بھر بھگو کر اگلے دن صبح اس کا چھلکا الگ کر کے کھایا جاتا ہے۔اس طریقے سے بادام کو جلد ہضم ہونے میں مدد ملتی ہے۔